24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کہاں کہاں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے بتادیا

0 minutes, 0 seconds Read

محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا اور پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، سوات، شانگلہ، دیر، مالاکنڈ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، بٹگرام میں بارش کا امکان ہے۔

تورغر، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، اورکزئی، خیبر، کرم، ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جن میں دیر، ایبٹ آباد، سوات، مانسہرہ، مردان اور پشاور شامل ہیں۔

پشاور میں 10 ملی میٹر، دیر میں 11، بالاکوٹ میں 9، کاکول اور تیمرگرہ میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ملک میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 11 اور کالام میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، تونسہ اور مظفر گڑھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ میں بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ سکھر، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور اور لاڑکانہ میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ، چمن، زیارت، بارکھان، کوہلو، قلعہ عبداللہ میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد میں برساتی نالے میں دو بچے ڈوب گئے، جن میں سے ایک کو ریسکیو ٹیم نے زندہ بچا لیا جبکہ دوسرے بچے کی لاش نکال لی گئی۔ ضلع خیبر میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا اور ایک گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔

Similar Posts