لاہور: جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 4 زخمی

0 minutes, 0 seconds Read

لاہورکے مصروف علاقے آخری منٹ اسٹاپ جی ٹی روڈ پر ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں 5 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ایک تیز رفتار ڈمپر اور رکشہ کے درمیان پیش آیا، جس نے بعد ازاں تین رکشوں اور دو موٹر سائیکل سواروں کو بھی روند ڈالا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

کرک : ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق، ایک زخمی

ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ چار افراد ڈمپر کے نیچے پھنس گئے تھے جنہیں بڑی محنت کے بعد باہر نکالا گیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی جائے وقوعہ پر فراہم کی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر ڈمپر کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا اور سامنے موجود رکشوں اور موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔

پولیس اور ٹریفک حکام بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں، جبکہ ڈمپر کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، جسے بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

Similar Posts