راولپنڈی میں پشاورزلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے اننگز بریک میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل ٹین کو افواج پاکستان کے نام کردی راولپنڈی اسٹیڈیم میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی میچ دیکھنے پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کا میلہ آج سے راولپنڈی میں دوبارہ سج گیا ہے۔ میچ سےقبل کھلاڑیوں اور آفیشلز نے مسلح افواج سے بھرپوریکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
میچ کے آغاز سےقبل شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا اور شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
میچ سے قبل قومی ترانہ پڑھا گیا اور اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، اسٹیڈیم میں قومی پرچموں کی بہار آگئی، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
پہلی اننگز کے خاتمے کے بعد دوبارہ تقریب کا آغاز ہوا تو آرمی چیف بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ ان کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔
تقریب کے میزبان حمزہ عباسی نے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے تین دن آرمی، نیوی اور ائیر فورس کے نام کردیےگئے ہیں۔پہلا دن آرمی، دوسرا دن نیوی اور تیسرا دن ائیر فورس کے نام کردیا گیا۔
قومی ترانے پر پاکستان زندہ باد کے نعرے اسٹیڈیم میں گونجنے لگے اور ہر جانب قومی پرچموں کی بہار نظر آئی۔ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔