مشہور فلم سیریز ”ہیری پوٹر“ میں لیوینڈر براؤن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ جیسسی کیو نے ایک حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے غیر اخلاقی سوشل میڈیا پلیٹ فارم جوائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم، وہ اس پلیٹ فارم پر روایتی مواد شیئر نہیں کر رہیں بلکہ اپنے مداحوں کے لیے بالوں سے متعلق ویڈیوز پوسٹ کریں گی۔
جیسسی کیو نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں وضاحت کی کہ ان کے اکاؤنٹ پر ”بہترین معیار کی ہیئر ساؤنڈز“ اور ”حسیاتی مواد“ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے اکاؤنٹ پر کوئی غیراخلاقی مواد نہیں ہوگا۔
اپنے سب اسٹیک بلاگ پر، جیسسی نے اپنے اس فیصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہالی وڈ میں کام نہ ملنے کی وجہ سے وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں اور اس پلیٹ فارم سے حاصل ہونے والی آمدنی ان کے گھر کی مرمت اور قرضوں کی ادائیگی میں مدد دے گی۔
انہوں نے لکھا، ’ایک سال، میں ایک سال کوشش کروں گی۔ میرا مقصد؟ گھر کو محفوظ بنانا، چھت کی مرمت کرنا، قرضوں سے نکلنا، اور خود کو مضبوط بنانا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’کیا میری سالوں کی ”ہیری پوٹر“ کنونشنز میں شرکت درحقیقت ایک ریسرچ تھی؟ مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے میں کچھ نیا، کچھ منفرد کر رہی ہوں۔‘
یہ پہلا موقع نہیں جب کسی مشہور شخصیت نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا رخ کیا ہو۔ اس سے قبل ”دی سوپرانوز“ کی اداکارہ ڈریا ڈی میٹیو نے بھی اس پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنایا تھا، جس کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ اس نے ان کی مالی زندگی کو بچا لیا۔