وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے 2 روزہ دورے پر استنبول پہنچ گئے

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے 2 روزہ دورے پر استنبول پہنچ گئے، جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنما پاک ترکیہ کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی بات چیت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کشیدگی کے دوران حمایت پر اظہار تشکر کے لیے وزیر اعظم شہبازشریف 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ کے 2 روزہ دورے پر استنبول پہنچ گئے۔

استنبول کے ہوائی اڈے پہنچنے پروزیراعظم شہبازشریف کا ترک وزیر دفاع یشار گلر، گورنراستنبول، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک، پاکستانی سفیر یوسف جنید، کونسل جنرل استنبول نعمان اسلم، حکومت ترکیہ کے اعلی حکام اور ترکیہ میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔

زیراعظم شہبازشریف ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاع، معیشت، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی بات چیت کریں گے۔

وزیر اعظم کے دورے کا مقصد ترکیہ کے عوام اور بالخصوص صدر ایردوان کا شکریہ ادا کرنا ہے، ترکیہ نے ہمیشہ کی طرح حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں بھی پاکستان کی اصولی مؤقف کی بھر پور حمایت کی۔

وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 25 سے 30 مئی 2025 تک ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔

بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر انکا شکریہ ادا کریں گے۔

وزیراعظم 29-30 مئی 2025 کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

Similar Posts