پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا ہاتھوں کے نشان سے دنیا کا سب سے بڑا جھنڈا تیار کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کا یہ جھنڈا 24 ہزار 514 ہاتھوں کے نشانات پر مشتمل ہے، جن میں 100 سے زائد قومیتوں کے افراد نے حصہ لیا۔
یہ تاریخی کارنامہ ہینڈز آف یونٹی مہم کے تحت انجام پایا، جس کو ایک ماہ کے عرصے میں سرانجام دیا گیا، اس مہم میں 23 اسکولوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات اور 39 مختلف مقامات پر موجود افراد نے شرکت کی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے نے پاکستان آڈیٹوریم دبئی میں منعقدہ تقریب میں اس ریکارڈ کی تصدیق کی۔
تقریب میں پاکستان کے سفیر برائے یو اے ای فیصل نیاز ترمذی اور قونصل جنرل حسین محمد سمیت 250 سے زائد معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
یہ ریکارڈ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، ایمریٹس لوز پاکستان اور فنکارہ روباب زہرہ کے مشترکہ تعاون سے حاصل کیا گیا۔
پی اے ڈی جو 1960 کی دہائی میں قائم ہوئی، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے کام کرتی ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کی یو اے ای کے ساتھ وابستگی کا اظہار ہوا بلکہ مختلف قومیتوں کے افراد کے درمیان اتحاد کا مظاہرہ بھی سامنے آیا۔
ہینڈز آف یونٹی مہم نے ثابت کیا کہ مختلف پس منظر رکھنے والے افراد مل کر ایک عظیم مقصد حاصل کرسکتے ہیں۔