پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے امید ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان عید سے پہلے رہا ہوں گے، عید سے پہلے کیس فکس ہونے کی امید ہے، ہمارے لوگ برداشت کرتے کرتے تھک گئے، کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا کہ عمران خان نے 2 سال جیل میں کیوں گزارے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کارکنوں کا سوال اٹھانا ٹھیک ہے، ورکرز کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، کوئی بھی یہ تصور نہیں کر سکتا ہے بانی پی ٹی آئی نے دو سال جیل میں کیوں گزارے۔
عمران خان کا فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کروانے کا حکم
توشہ خانہ، 9 مئی کے کیسز اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدالتی پیشیاں، متعدد سماعتیں ملتوی
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ورکرز اپنے جذبات قابو میں رکھیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، ہم نے دھرنے اور احتجاج بھی کیے، ہم اسمبلی میں بھی بات کر رہے ہیں، عمران خان کا کہنا ہے اللہ کی عبادت کرتے ہیں اللہ سے مدد مانگتے ہیں، اللہ راستہ نکالے گا، مجھے امید ہے بانی پی ٹی آئی عید سے پہلے رہا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کیس فکس ہو جائے گا، 2 سالوں سے ہمارے لوگ برداشت کرتے کرتے تھک گئے، ججز بھی فیصلہ لکھتے لکھتے تھک گئے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کے کیسز لگیں اور میرٹ پر فیصلے ہوں۔