فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں فوجی رہنماؤں کی دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے بالخصوص علاقائی سیکیورٹی صورتحال تفصیلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول باہمی فوجی تعاون کو فروغ، بارڈر پر سیکیورٹی میکانزم کو بہتر بنانے اور سرحدی علاقوں کو تجارتی اور اقتصادی رابطوں کے زونز میں تبدیل کرنے امور پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ دونوں جانب سے اتفاق رائے پایا گیا کہ ان اقدامات سے علاقائی استحکام اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران آمد پر ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا، ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنائی اور ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے بھی ملاقاتیں کیں۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وزیراعظم کے وفد کے ہمراہ تینوں دوست ممالک ترکی، ایران اور آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں۔