پاکستانی اعلیٰ سطح وفد کا دورہ امریکا: مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، رضوان شیخ

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد امریکا کے اہم سفارتی دورے پرہے، جس کا مقصد جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر امریکی قیادت کو آگاہ کرنا، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنا اور خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے موقف کو مضبوطی سے پیش کرنا ہے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد کی امریکی انتظامیہ اور کانگریس کے اہم ارکان کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں متوقع ہیں، جو نہ صرف دوطرفہ تعلقات میں بہتری لائیں گی بلکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مزید نمایاں کریں گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات، دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور سیزفائر کے قیام میں امریکی قیادت نے اہم کردار ادا کیا، اور اسی کردار کی بدولت مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا کے سامنے ابھر کر آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا دنیا کا حساس ترین خطہ ہے جہاں کشیدگی کی ایک تاریخی بنیاد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشیدگی محض اس خطے کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو متاثر کرتی ہے۔

پاکستانی سفیر نے بھارت کے موجودہ طرز عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت داخلی و خارجی پالیسیوں میں ہندوتوا کے انتہا پسند اور دہشت گردانہ نظریے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سیاسی قیادت مسلسل توسیع پسندانہ اور تسلط پسندانہ عزائم کا کھلم کھلا اظہار کر رہی ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارتی قیادت کی اشتعال انگیز کارروائیوں اور بیانات کا مقصد اندرونی سیاسی ناکامیوں اور انتظامی بحرانوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری صلاحیت کے حامل اس حساس خطے میں بلا جواز طبل جنگ بجانا کسی طور بھی ایک ذمہ دارانہ اقدام نہیں ہو سکتا۔

بدقسمتی سے مودی جیسے لوگ اقتدار میں آکر پوری دنیا کا امن خراب کرتے ہیں، خواجہ آصف

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن اپنی خودمختاری، سلامتی اور کشمیری عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پاکستانی وفد کا یہ دورہ عالمی سطح پر پاکستان کی مؤثر سفارتکاری اور مسئلہ کشمیر کے لیے جاری کوششوں کا تسلسل ہے، جس سے سفارتی محاذ پر مثبت نتائج کی امید کی جا رہی ہے۔

پاکستانی سفیر نے عالمی برادری، خاص طور پر امریکا پر زور دیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Similar Posts