گمبٹ میں ٹنڈو مستی تھانے کی حدود میں سیشن جج سمکان احمد کی گاڑی پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ واقعے میں سیشن جج محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق سیشن جج سمکان احمد سکھر سے لاڑکانہ جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی سیکیورٹی پر مامور پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار مقبول شیخ شہید ہو گئے، جبکہ دیگر دو اہلکار اقبال ملانو اور صغیر احمد شدید زخمی ہوئے۔ شہید اور زخمی اہلکاروں کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔
ایس ایس پی خیرپور کے مطابق حملے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔