پاکپتن کے علاقے النور سوسائٹی میں گزشتہ رات افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شوہر کی ہتھیائی گئی جائیداد میں حصہ نہ دینے پر بھائی نے بہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ ایک ایسے تنازعے کی خونچکاں کڑی بن گیا ہے جو چند روز قبل شوہر کے بیوی کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے سے شروع ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق انور کمال نامی شخص کو چند روز قبل اس کی بیوی کے گھر سے بازیاب کرایا گیا تھا۔ انور کمال نے الزام لگایا تھا کہ اس کی بیوی نے اسے گھر میں قید کر رکھا تھا اور دھوکہ دہی سے اس کی تمام جائیداد اپنے نام کروالی تھی۔
ارمغان کال سینٹر کیس: چالان پیش نہ کرنے پر عدالت کا اظہارِ برہمی
انور کمال کی بازیابی میں مقتولہ کے والد اور بھائی پیش پیش تھے جنہوں نے عدالت میں درخواست دے کر انور کو بازیاب کرایا تھا۔ عدالت کے حکم پر پولیس نے گھر پر کارروائی کر کے انور کمال کو یرغمالی حالت سے نکالا۔
بازیابی کے بعد انور کمال نے اپنی بیوی پر زمین ہتھیانے کا الزام عائد کیا، جس پر مقتولہ کے بھائی عاصم نے الزام لگایا کہ یہ زمین دراصل اس کا حق ہے جو اسے نہیں دی جا رہی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 40 ایکڑ زرعی زمین کے معاملے پر مقتولہ کے بھائی نے کئی بار جھگڑا کیا، اور بالآخر گزشتہ رات فائرنگ کرکے اپنی بہن کو قتل کر دیا۔
لاہور: سی ٹی ڈی کی مختلف کارروائیاں، 34 دہشت گرد گرفتار
مقتولہ کے بیٹے نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی والدہ کو زمین کی لالچ میں قتل کیا گیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم عاصم واردات کے بعد فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قاتل کی تلاش جاری ہے۔