قربانی کے بعد ضیافتیں، کھابوں کی بہار اور نوجوانوں کی باربی کیو پارٹیاں

0 minutes, 0 seconds Read

قربانی اور گوشت کی تقسیم کے بعد کھابوں پر ہاتھ صاف کرنے کا راؤنڈ شروع ہو گیا، کہیں عزیز و اقارب اور دوستوں کی دعوت تو کہیں بریانی، کباب، کوفتے، قورمے سمیت انواع واقسام کے پکوانوں سے تواضع کی جارہی ہے۔ نوجوانوں کی باربی کیو پارٹیاں بھی جاری ہیں۔

عید الاضحی کے موقع پر ملک بھر میں قربانی اور گوشت کی تقسیم کے بعد خوشیوں کا سلسلہ کھابوں کی ضیافتوں میں تبدیل ہوگیا۔ عزیز و اقارب اور دوستوں کی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بریانی، کباب، کوفتے، قورمے سمیت انواع و اقسام کے پکوانوں سے تواضع کی جا رہی ہے۔

نوجوانوں نے اپنی عید کی خوشیوں کو باربی کیو پارٹیز کے ساتھ مزید رنگین بنایا، جہاں گرلڈ گوشت اور تیز مصالحوں کے مزے لیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، کھانے کے بعد آئس کریم اور میٹھے پکوانوں کا دور بھی جاری ہے۔

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھی خوشگوار موسم کے ساتھ لوگوں نے عید کے بعد کے دنوں میں کھانے پینے کی محفلیں جمائیں، جن میں مختلف روایتی پکوان اور جدت پسند کھانے شامل ہیں۔

گرمی سے نڈھال ہونے کے بعد لاہوری بھی ٹھنڈے میٹھے مشروبات اور آئیس کھا کر گرمی بھگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فیروزوالا کے شہریوں نے پہلے پکوانوں کا لطف اٹھایا اور پھر تفریخی مقامات کا رخ کیا، دن بھر پارکوں میں گہما گہمی رہی، شام ڈھلتے ہی فاسٹ فوڈ پوائنٹس آباد ہوگئے۔

سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور عید ملنے ملانے کے بعد فیصل آبادیوں نے بھی فوڈ اسٹریٹس اور مختلف ریسٹورنٹس کا رخ کر لیا ہے، کسی نے دوستوں کے ساتھ تکہ کڑاہی کھائی تو کسی نے سجی پر ہاتھ صاف کیے، جہاں وہ مزیدار کھانوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

عید کے پہلے دن شہریوں نے روائتی کھانوں کو بھی خوب انجوائے کیا۔

Similar Posts