فیفا ورلڈکپ 2026: ارجنٹینا کے لیونل میسی ایک اور سنگ میل عبور کرنے کے قریب

ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں۔ اگر انہیں فائنل میں ابتدائی الیون کا حصہ بنایا گیا تو وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں تین فائنلز کا آغاز کرنے والے پہلے فٹبالر بن جائیں گے جب کہ انہیں مسلسل دوسرے ورلڈ کپ فائنل میں گول کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کا بھی موقع ملے گا۔

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر اور کپتان لیونل میسی ایک بار پھر ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوانے کے قریب ہیں، اگر میسی 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا کی ابتدائی الیون میں شامل ہوتے ہیں تو وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں 3 فائنلز کا آغاز کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے، اس کے ساتھ ہی وہ برازیل کے سابق کپتان کافو سے بھی آگے نکل جائیں گے۔

لیونل میسی اس سے قبل 2014 کے فیفا ورلڈ کپ فائنل میں جرمنی کے خلاف ارجنٹینا کی جانب سے ابتدائی الیون میں شامل تھے، جہاں ان کی ٹیم کو اضافی وقت میں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں 2022 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھی انہوں نے ابتدا سے کھیلتے ہوئے ارجنٹینا کو فرانس کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا، اب 2026 کے فائنل میں اسپین کے خلاف فائنل میں جلوہ گر ہوں گے۔

دوسری جانب برازیل کے سابق دفاعی کھلاڑی کافو تین ورلڈ کپ فائنلز (1994، 1998 اور 2002) میں شریک رہے تاہم وہ 1994 کے فائنل میں ابتدائی الیون کا حصہ نہیں تھے اور متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے تھے جب کہ 1998 اور 2002 کے فائنلز میں انہوں نے ابتدا سے کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

میسی کے پاس ایک اور منفرد ریکارڈ اپنے نام کرنے کا بھی موقع موجود ہے۔ اگر وہ 2026 کے ورلڈ کپ فائنل میں گول کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ مسلسل 2 فیفا ورلڈ کپ فائنلز میں گول کرنے والے دنیا کے صرف تیسرے کھلاڑی بن جائیں گے۔

میسی نے 2022 کے فائنل میں فرانس کے خلاف دو گول کیے تھے جب کہ اس سے قبل برازیل کے ویوا نے 1958 اور 1962 کے ورلڈ کپ فائنلز میں مسلسل گول کیے تھے۔ اسی طرح فرانس کے کیلیان ایمباپے نے 2018 کے فائنل میں گول کیا اور 2022 کے فائنل میں ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔

اب اگر لیونل میسی 2026 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھی گول کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ ویوا اور کیلیان ایمباپے کے ساتھ اس منفرد اعزاز کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔

Related posts