اقوام متحدہ اجلاس: عالمی رہنماؤں کی تقریروں کے دوران شام کے صدر انسٹاگرام ریلز دیکھنے میں مصروف

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران شامی صدر احمد الشرع کی ایک ویڈیو نے توجہ حاصل کرلی، جس میں وہ عالمی رہنماؤں کی تقاریر کے دوران اپنے موبائل فون پرکچھ دیر کے لیے انسٹاگرام ریلز دیکھتے اور انہیں دوسروں کو بھیجتے ہوئے نظر آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ ویڈیو اس وقت بنائی گئی جب ترک صدر رجب طیب اردوان جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ویڈیو میں احمد الشرع اپنے فون پر مصروف دکھائی دیے اور بظاہر انسٹاگرام پر ریلز اسکرول کر رہے تھے۔

احمد الشرع کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یہ دوسری شرکت ہے۔ وہ 2025 میں تقریباً 60 سال بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے شام کے پہلے نمائندے بنے تھے۔

احمد الشرع جنوری 2025 میں شام کے عبوری صدر بنے۔ اس سے قبل وہ باغی کارروائی کی قیادت کر چکے تھے جس کے نتیجے میں سابق شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔

اس سال جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی عمومی مباحثے کا آغاز منگل کو ہوا، جس میں تقریباً 130 ممالک کے صدور، وزرائے اعظم اور دیگر اعلیٰ حکومتی رہنماؤں نے شرکت کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں نے اجلاس سے خطاب کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا موجودہ سالانہ اجلاس 8 ستمبر کو شروع ہوا تھا، جب بنگلہ دیش کے خلیل الرحمان نے جنرل اسمبلی کے صدر کا عہدہ سنبھالا۔ اجلاس کے آغاز میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کی، جبکہ جنرل اسمبلی کے صدر خلیل الرحمان نے اعلیٰ سطحی عمومی بحث کا باضابطہ آغاز کیا۔

احمد الشرع کی موبائل فون استعمال کرنے والی ویڈیو اگرچہ اجلاس کے اہم سفارتی معاملات سے الگ ایک مختصر منظر تھا، تاہم سوشل میڈیا پر اس نے خاصی توجہ حاصل کی اور مختلف صارفین نے اس پر تبصرے بھی کیے۔

Related posts