کھیل 

ایشین گیمز: بھارتی ایتھلیٹ شکست ہضم نہ کرسکیں

جاپان کے شہر ناگویا کے انائے اسپورٹس سینٹر میں جاری ایشین گیمز کے دوران خواتین کی مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کے ساٹھ کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں ایک غیر معمولی تنازع سامنے آیا ہے۔

سنگاپور کی چھتیس سالہ کھلاڑی ٹفنی ٹیو نے بھارت کی سوچیکا تریال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ہے اور اپنے ملک کے لیے اس کھیل میں کم از کم سلور میڈل یقینی بنا لیا ہے۔

تاہم مقابلے کا اختتام اس وقت متنازع بن گیا جب بھارتی کھلاڑی نے میچ کا نتیجہ آنے کے بعد اپنی شکست ماننے سے صاف انکار کر دیا۔

میچ کا فیصلہ انتہائی باریک نکات پر ہوا۔ مقررہ وقت میں کھیل برابر رہنے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو ایک منٹ کا اوور ٹائم دیا گیا جس میں ٹفنی ٹیو نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے فیصلے پر شدید احتجاج کیا گیا جس کے بعد ثالث یعنی آربٹریشن نے میچ کو برابر قرار دیا۔

تاہم ٹورنامنٹ کے باقاعدہ قوانین کے مطابق اگر مقابلہ بالکل برابر ہو جائے تو فیصلہ کم وزن رکھنے والی ایتھلیٹ کے حق میں دیا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کی وضاحت کے مطابق سنگاپوری کھلاڑی ٹفنی ٹیو کا وزن اپنی بھارتی حریف سوچیکا تریال کے مقابلے میں سات سو گرام کم تھا جس کی بنیاد پر کامیابی سنگاپور کے نام رہی جبکہ دونوں سیمی فائنل ہارنے والوں کو برونز میڈل دیے گئے۔

ٹفنی ٹیو جو اس سے قبل کوارٹر فائنل میں ایران کی آریزو سلیمی کو تین صفر سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی تھیں، اب ان کا مقابلہ بائیس ستمبر کو فائنل میں ازبکستان کی کھلولا سوبیرووا سے ہوگا جہاں ان کے پاس گولڈ میڈل جیتنے کا بہترین موقع ہے۔

واضح رہے کہ آئچی ناگویا 2026 کے ایشیائی کھیلوں میں پہلی بار ایم ایم اے کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ اس بار پانچ دیگر نئے کھیلوں فری اسٹائل بی ایم ایکس، پیڈل، سرفنگ، ٹیک بال اور ورچوئل تائیکوانڈو کا بھی ڈیبیو ہوا ہے۔

Related posts