برطانیہ میں مسلسل تیسرے سال ’محمد‘ لڑکوں کا مقبول ترین نام

برطانوی ادارہ برائے قومی شماریات (او این ایس) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ’محمد‘ مسلسل تیسرے سال انگلینڈ اور ویلز میں نومولود لڑکوں کا سب سے مقبول نام رہا۔ 2025 کے دوران تقریباً 6 ہزار بچوں کا نام ’محمد‘ رکھا گیا، جو دوسرے نمبر پر آنے والے نام ’نوح‘ سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

برطانوی اخبار ’دی نیشنل‘ کے مطابق دفتر برائے قومی شماریات (او این ایس) کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار میں ’محمد‘ کو مسلسل تیسرے سال انگلینڈ اور ویلز میں نومولود لڑکوں کا مقبول ترین نام قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران تقریباً 6 ہزار بچوں کا نام ’محمد‘ رکھا گیا، جب کہ نوح دوسرے نمبر پر رہا۔ دونوں نام 2023 سے مسلسل پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، تاہم اس سال ان کے درمیان فرق مزید بڑھ گیا ہے۔

فہرست میں لیو اور لوکا بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر آئے ہیں، جب کہ آرتھر، اولیور اور جارج کی درجہ بندی میں کمی دیکھی گئی ہے۔ لڑکیوں کے ناموں میں اولیویا بدستور پہلے نمبر پر رہی، جب کہ للی، امیلیا، آئلا اور فلورنس بھی مقبول ترین ناموں میں شامل رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ’محمد‘ نام کو انگریزی میں مختلف طریقوں سے لکھا جاتا ہے، جیسے Muhammad، Mohammed اور Mohammad۔ یہ فرق مختلف ملکوں اور زبانوں کے تلفظ کی وجہ سے ہے۔ عموماً ’Mohammed‘ مشرقِ وسطیٰ کے مسلمانوں میں زیادہ رائج ہے، جب کہ ’Muhammad‘ پاکستانی نژاد مسلمانوں میں زیادہ استعمال ہوتا ہے، جو برطانیہ کی بڑی مسلم برادریوں میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ’محمد‘ 2016 سے مسلسل انگلینڈ اور ویلز کے 10 مقبول ترین لڑکوں کے ناموں میں شامل ہے۔ یہ نام پہلی بار 1997 میں 100 مقبول ترین ناموں کی فہرست میں آیا تھا، جب کہ اس کے مختلف ہجے اس سے بھی پہلے 1954 میں اس فہرست کا حصہ بن چکے تھے۔

ماہرین کے مطابق برطانیہ میں مسلم آبادی میں اضافے اور ثقافتی و مذہبی شناخت سے وابستگی نے اس نام کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 40 لاکھ ہے، جو ملک کی مجموعی آبادی کا لگ بھگ 6 فی صد بنتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں بچوں کے ناموں کے انتخاب میں ثقافتی تنوع بڑھ رہا ہے۔ مقبول ناموں میں شامل نوح، لیو، لوکا، ازابیلا اور فریا جیسے نام مختلف زبانوں اور تہذیبوں سے تعلق رکھتے ہیں، جو ملک کے کثیر الثقافتی معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں۔

اسلامی ممالک میں ’محمد‘ نام پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کے نام پر رکھا جاتا ہے۔ برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کی کئی نسلیں اس نام کو مذہبی عقیدت، خاندانی روایت اور ثقافتی شناخت کے اظہار کے طور پر اختیار کرتی ہیں، جس کے باعث گزشتہ چند برسوں سے یہ نام مسلسل مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

Related posts