بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہرا کر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کر دیا
ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا سکی۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے۔
ابتدائی تین وکٹیں صرف 13 رنز پر گرنے کے باوجود کپتان نگار سلطانہ نے 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ شورنا اختر نے 22 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز بنا کر ٹیم کو اچھے مجموعے تک پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اچھا آغاز کیا، جہاں منیبہ علی نے 25 اور گل فیروزہ نے 23 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم گل فیروزہ کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی۔
بنگلہ دیشی بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہ دیا اور انہیں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز تک محدود کر دیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے میگھلا اور ناہیدہ اختر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رابعہ خان اور ریتو مونی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔