بھارت کا ویمن ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
بھارتی ویمن ٹیم نے ویمن ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر 8 ویں بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا تاہم بھارت نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔
دبئی میں کھیلے گئے ویمن ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
بھارتی اوپنرز شفالی ورما اور سمرتی مندھانا کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 129 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور اس دوران دونوں نے شاندار نصف سینچریاں اسکور کیں۔ شفالی ورما نے 39 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں جب کہ سمرتی مندھانا نے 39 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کے ساتھ 59 رنز کی اننگز کھیلی۔
13 ویں اوور میں چامودی پرابودا نے شفالی ورما کو آؤٹ کیا جب کہ اگلے ہی اوور میں سمرتی رن آؤٹ ہو گئیں، اس کے علاوہ وکٹ کیپر رچا گھوش 13 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جنہیں چماری اتھاپتھو نے آؤٹ کیا۔
بھارت نے 19 ویں اوور میں 2 وکٹیں گنوائیں۔ کپتان ہرمن پریت کور ایک چوکے کے ساتھ 14 گیندوں پر 14 رنز بنا کر مِتھالی ایودھیا کا شکار بنیں جب کہ دیپتی شرما 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئیں۔
بھارت نے آخری اوور میں 16 رنز بنائے۔ گنالن کمالنی 5 گیندوں پر ایک چھکے کے ساتھ 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں جب کہ بھارتی فلمالی نے 2 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے مِتھالی ایودھیا، چماری اتھاپتھو اور چامودی پرابودا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سال 2024 کی چیمپیئن سری لنکا کی ٹیم بھارتی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے 20 اوورز میں 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میچ 72 رنز سے ہار گئی۔
اس طرح بھارت نے آٹھویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بھارت کا ٹی 20 فارمیٹ میں چوتھا ٹائٹل ہے جب کہ 4 بار ون ڈے فارمیٹ میں بھی بھارتی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔
کپتان چماری اتھاپتھو نے 32 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 36 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ اسکور کیا جب کہ وشمی گنارتنے نے 22 گیندوں پر 2 چوکوں کے ساتھ 20 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ نیلاکشیکا سلوا نے 16 گیندوں پر ایک چوکے کے ساتھ 22 رنز بنائے جبکہ باقی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔
بھارت کی جانب سے شری چرانی نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کر کے شاندار کارکردگی دکھائی۔ دیپتی شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ پریما راوت، شفالی ورما اور کرانتی گوڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔
بھارتی ویمن ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
دوسری جانب بھارت نے ایک بار پھر اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ویمنز ایشیا کپ بھی تنازع بنا دیا ہے۔
بھارتی ویمن ٹیم نے فائنل جیتنے کے بعد بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ فائنل کے مہمان خصوصی تھے، محسن نقوی اور دیگر عہدے دار اختتامی تقریب کے لیے اسٹیج پر موجود رہے تاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم سے ٹرافی لینے نہیں آئی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ویمنز ایشیا کپ کی انعامات کی تقسیم کے لیے تقریب ہوئی، رنر اپ سری لنکن ٹیم نے اسٹیج پر آکر اعزازات و انعامات وصول کیے۔
ذرائع اے سی سی کا کہنا ہے کہ ٹرافی دینے کا پروٹوکول طے ہے، ٹرافی تو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہی دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت کی مینز کرکٹ ٹیم نے صدر اے سی سی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔