بھارت کے ہوٹل میں آتشزدگی، بنگلادیشی سمیت 9 افراد ہلاک

بھارتی شہر کولکتہ میں ایک ہوٹل میں رات گئے لگنے والی آگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور کم از کم 6 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی جس پر تقریباً ایک گھنٹے میں قابو پالیا گیا، جبکہ فائر فائٹرز نے متعدد افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ کے مرکزی علاقے میں واقع ہوٹل میں آگ بدھ کی علی الصبح تقریباً 2 بج کر 50 منٹ پر لگی۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ آگ ہوٹل کی دوسری منزل پر لگی، جس پر تقریباً ایک گھنٹے میں قابو پالیا گیا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے تاہم حتمی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔

پولیس کے مطابق آگ کے باعث پھیلنے والے دھوئیں سے دم گھٹنے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ کم از کم 6 افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائر فائٹرز نے کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل سے کم از کم 15 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 30 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بنگلادیشی شہری بھی شامل ہیں جو طبی علاج کے لیے کولکتہ آئے ہوئے تھے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی قومیت کی حتمی تصدیق ابھی نہیں ہوئی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور آگ لگنے کی اصل وجہ کا تعین کیا جارہا ہے۔

Related posts