عمران خان کا طبی معائنہ پمز اسپتال میں کرایا گیا، عطا تارڑ کی تصدیق
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ کرایا گیا، جس کے دوران الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے اور طبی معائنے کے مطابق بانی پی ٹی آئی صحت مند پائے گئے۔
عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عمران خان کو پمز اسپتال لایا گیا۔ ان کے مطابق الشفا اسپتال کے راستے اور باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال پیدا کی گئی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ عمران خان کا طبی معائنہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب مناسب سیکیورٹی انتظامات کے تحت کیا گیا۔ طبی معائنے کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم موجود تھی، جس میں ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن شامل تھے۔
عطا تارڑ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اس سے قبل بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی جب ضرورت ہوگی، انہیں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں طبی معائنے کے بعد انہیں دوبارہ سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل واپس لایا گیا۔
اس کے علاوہ عمران خان کو اسپتال میں ایڈمٹ کرنے کی صورت میں بھی خصوصی اقدامات بھی مکمل کرلیے گئے تھے۔