وزیرستان میں آپریشن، 5 فتنہ الخوارج ہلاک، کارروائی کے دوران میجر شہید

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کے دوران جوانوں کی قیادت کرنے والے میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اگست کو شمالی وزیرستان کے ضلع رزمک میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی، جن کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا، جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ بیان کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ اگر مزید بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد موجود ہوں تو انہیں بھی ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

بیان میں مذید کہا گیا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی اور بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Related posts