پنجاب میں مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت ختم، اب کرایہ دینا ہوگا
پنجاب حکومت نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی مفت سفری سہولت باقاعدہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کل سے تمام مسافروں سے سابقہ طریقہ کار کے مطابق مقررہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے انچارج عزیر شاہ کے مطابق، اس فیصلے کا اطلاق صرف صوبائی دارالحکومت لاہور پر ہی نہیں بلکہ راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والے ماس ٹرانزٹ سسٹمز پر بھی ہوگا۔
اس اقدام کے تحت اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، اسپیڈو بس اور گرین بس سروسز سمیت تمام بڑے عوامی سفری منصوبوں میں مفت سفر کا سلسلہ اب ختم ہو چکا ہے اور کرایہ کا نظام پوری طرح بحال کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ مفت سفری سہولت حکومتِ پنجاب کی جانب سے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے اور شہریوں کو معاشی ریلیف دینے کے لیے اپریل 2026 میں شروع کی گئی تھی۔ ابتدا میں یہ منصوبہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا، جس میں بعد ازاں توسیع پر غور بھی کیا گیا تھا۔
اس اسکیم کے تحت روزانہ تقریباً 8 لاکھ شہری اس سہولت کا فائدہ اٹھا رہے تھے۔ جن میں صرف اورنج لائن ٹرین پر یومیہ تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار جبکہ میٹرو بس سروس میں ایک لاکھ سے زائد شہری مفت سفر کی سہولت استعمال کر رہے تھے۔ اب اس عارضی پیکج کی مدت ختم ہونے کے بعد تمام مسافروں کو دوبارہ مقررہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔