ہنگو: دہشت گردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں نے خزینہ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 5 پولیس اہلکار شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے ہنگو کی خزینہ پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے بعد فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

حملے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 5 اہلکار شہید جب کہ 20 دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی دیار خان سمیت شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

انھوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Related posts