شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 مئی سے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مصدوہ اطلاعات پر علاقے کو گھیرے میں لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے شیوہ میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 24 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جب کہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا جبکہ سینٹائزیشن آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس وقت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے، شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ خوارج مقامی آبادی کو زبردستی اور دھمکیاں دے کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے رہے تاکہ محفوظ راستہ حاصل کیا جا سکے، جو ایک انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں چھپے ہوئے خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا، جب کہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم مکمل رفتار سے جاری ہے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔