آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کا افتتاحی میچ کس ملک میں کھیلے جانے کا امکان؟

آسٹریلیا کی معروف ٹی 20 لیگ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے رواں سیزن کا افتتاحی میچ بھارت کے شہر چنئی میں کرانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جب کہ کرکٹ آسٹریلیا کا وفد اس حوالے سے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم کا دورہ بھی کرچکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ بیش لیگ 2026-27 سیزن کا پہلا میچ رواں سال دسمبر میں بھارتی شہر چنئی میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کا ایک وفد اس ہفتے چنئی پہنچا جہاں انہوں نے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم کا جائزہ لیا۔ یہ اسٹیڈیم انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنئی سپر کنگز کا ہوم گراؤنڈ بھی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ایک نمائندے نے بھارتی اخبار کو بتایا کہ آسٹریلوی حکومت کے تعاون سے چنئی میں میچ کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بھارت اور آسٹریلیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیواجیت سیکیا نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

دوسری جانب بگ بیش لیگ فرنچائز برسبین ہیٹ کے چیف ایگزیکٹو ٹیری سوینسن نے افتتاحی میچ بھارت منتقل کرنے کے منصوبے کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت ہوئی ہے اور وہ اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔

ٹیری سوینسن نے کہا کہ برسبین ہیٹ سوشل میڈیا پر بین الاقوامی سطح پر مضبوط فین فالوونگ رکھتی ہے اور وہ اس حوالے سے مزید بات چیت کے منتظر ہیں۔

ذرائع کے مطابق سڈنی تھنڈر، میلبرن اسٹارز اور میلبرن رینیگیڈز سمیت کئی بی بی ایل ٹیمیں چنئی میں کھیلنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ اگر منصوبہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ بی بی ایل کا کوئی آفیشل میچ آسٹریلیا سے باہر کھیلا جائے گا۔

سابق بھارتی اسپنر ایشون اس سیزن میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کرنے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بننے والے تھے تاہم گھٹنے کی انجری کے باعث وہ دستبردار ہوگئے۔

Related posts