کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کے مقدمے میں گرفتار ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی نے ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کے کیس میں ملزم سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی نے ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے درخواست دائر کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس ارشد حسین پر مشتمل سنگل بینچ کرے گا۔
یاد رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے 5 جون کو دونوں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان پر ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنے، دھمکیاں دینے اور خاتون کی تذلیل کے الزامات ہیں، عینی شاہدین کے مطابق مرکزی ملزم سلمان فاروقی نے واقعے کے وقت خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کیا تھا تاہم بعد ازاں انکشاف ہوا کہ سلمان فاروقی ایک نجی فرم کا مالک ہے جبکہ دونوں ملزمان کے خلاف عینی شاہد کی مدعیت میں گذری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان نے عدالت میں جج کے روبرو بیان دیا تھا کہ اس نے دونوں ملزمان کو معاف کر دیا ہے تاہم جج نے کہا تھا کہ مقدمے میں مدعی متاثرہ شخص نہیں ہے اور دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔