خیبرپختونخوا کا بجٹ 2025-26 پیش ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ بانی چیئرمین کریں گے، مشیر خزانہ مزمل اسلم

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا میں آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ کل پیش ہوگا یا نہیں؟ یہ ایک اہم سوال بن گیا ہے، جس پر حتمی فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خانکریں گے۔

صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ میرا کام صرف بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں بجٹ تیار کرنا تھا، جو مکمل کر کے صوبائی حکومت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نہ تین میں، نہ تیرہ میں، بجٹ کا پیش ہونا یا نہ ہونا بانی چیئرمین کے فیصلے سے مشروط ہے۔‘

مزمل اسلم نے انکشاف کیا کہ وزیراعلیٰ نے حالیہ ملاقات میں بانی چیئرمین کو بجٹ سے متعلق بریفنگ دی تھی، اور بانی نے وزیراعلیٰ سے کہا تھا کہ ’بجٹ سے قبل مزمل کو میرے پاس لے آؤ۔‘

مشیر خزانہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے بانی چیئرمین سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں اور آج بھی یہ کوشش جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ سے متعلق جتنی بھی ہدایات بانی چیئرمین کی جانب سے دی گئیں، ان سب کی روشنی میں مالیاتی دستاویز تیار کر لی گئی ہے، اب بجٹ پیش کرنے اور اس کی منظوری کا فیصلہ صرف اور صرف پارٹی کے بانی چیئرمین ہی کریں گے۔

Similar Posts