چینلز پر پابندی کے بعد پاکستانی ڈراموں کے بھارتی مداح مایوس

0 minutes, 0 seconds Read

بھارت میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینلز پر پابندی عائد ہونے کے بعد بھارتی مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مایوسی کا سیلاب آ گیا ہے۔ اس پابندی کا مطلب یہ ہے کہ بھارتی مداح اپنے پسندیدہ پاکستانی ڈرامے نہیں دیکھ سکتے اور نہ ہی اپنے پسندیدہ پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا پیجز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ پابندیاں ایک بڑے کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جس میں 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز اور کئی نیوز پلیٹ فارمز کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ یہ سب کچھ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد کیا گیا جس میں 26 افراد کی جان گئی۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے، جبکہ پاکستان نے اس الزام کو سختی سے مسترد کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر مایوس مداحوں کی پوسٹس کا تانتا بندھ گیا ہے، جنہوں نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسکرین شاٹس شیئر کیے ہیں جن میں یہ پیغام آیا تھا کہ ’مواد اس ملک میں فی الحال دستیاب نہیں ہے۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’اب میں اپنا فری ٹائم کیسے گزاروں گا؟ پاکستانی ڈرامے تو بند ہوگئے ہیں۔‘

دوسرے صارف نے بھارتی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں اور ڈراموں پر پابندی لگانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی سینما گھر بھی بھارتی پنجابی فلمیں دکھا رہے ہیں۔

ایک اور صارف نے پاکستانی ڈرامہ ”میم سے محبت“ کے تمام ایپیسوڈز ڈاؤن لوڈ کر کے اس کا شکریہ ادا کیا۔

کچھ صارفین نے وی پی این کے ذریعے اپنے پسندیدہ شو ”ہمراز“ دیکھنے کی بات کی، جبکہ دیگر نے ”ہم ٹی وی“ کے پروڈیوسرز پر غصہ نکالا کہ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات کی قیمت پر مداحوں کو کیوں محروم کر رہے ہیں۔

اس صورتحال نے بھارتی مداحوں میں خاصا غم و غصہ پیدا کیا ہے، اور وہ مسلسل اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ آخر کب تک پاکستانی تفریحی مواد پر یہ پابندیاں عائد کی جاتی رہیں گی؟

Similar Posts