انصاف اللہ دیتا ہے، ہم صرف قانون کے مطابق فیصلے کرتے ہیں، جسٹس جمال مندوخیل

0 minutes, 0 seconds Read

جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا ہے کہ انصاف تو اللّٰہ کی طرف سے آتا ہے ہم تو قانون کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں ہم اپنے سامنے موجود دستاویز کو دیکھ کر فیصلہ کر رہے ہوتے ہیں۔

قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات کی جانب سے یوم مزدور کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معزز جج، قانونی ماہرین اور مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل نے خصوصی خطاب کیا۔

جسٹس مندوخیل نے خطاب کے آغاز میں کہا آپ نے سنا ہوگا کہ جج بولتے نہیں، لکھتے ہیں، مجھے بھی تقریر کرنا مشکل لگ رہا ہے، لیکن یہ تقریب بہت اہم ہے جہاں مل بیٹھ کر مسائل کے حل پر بات کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے، آپ مزدور ہیں اور میں جج، ہمارا کام ایک جیسا ہے ہم فیصلے کرتے ہیں، انصاف اللہ کی طرف سے آتا ہے۔“

ان کا کہنا تھا کہ ہم آئین اور مروجہ قانون کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں۔ ہمارے حلف کے الفاظ دیکھ کر ڈر لگتا ہے، اللہ ہمیں حلف کی پاسداری کی توفیق عطا کرے۔ ہمارا آئین اسلامی اصولوں پر مبنی ہے اور اس میں یونین سازی کا حق بھی واضح طور پر موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین میں درج حقوق سب کو ملنا چاہئیں، کوئی مزدور کسی کا غلام نہیں ہوتا، آئین کے مطابق ہم فیصلہ کرتے اور اس کا تحفظ کرتے ہیں، آئین میں درج پوری قوم کے حقوق کے تحفظ کا ہم نے حلف لیا ہے، ہم نے جو بھی فیصلہ کرنا ہوتا ہے وہ کسی کے دباؤ، خوف اور لالچ میں آئے بغیر کرنا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپنے اور ساتھی ججز کی جانب سے یقین دلاتا ہوں ہم انصاف اور حقوق کا تحفظ کریں گے۔

Similar Posts