جمعرات کو بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔طیارے میں سوار 133 مسافروں کی اموات کی تصدیق کردی گئی، واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ لندن کے لیے روانہ ہونے کے دوران ٹیک آف کر رہا تھا۔ متعدد بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایئر انڈیا کا طیارہ تھا۔ نیوز 18 کے مطابق طیارے میں تقریباً 250 افراد سوار تھے۔ جبکہ مسافروں کی تعداد کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں جن میں سے اکثریت میں تعداد 242 بتائی گئی ہے۔ ان میں 230 مسافر اور 12 جہاز کے عملے کے افراد شامل بتائے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ائرانڈیا کے مسافر طیارے میں 133 اموات کی تصدیق کردی گئی ہے، طیارہ ٹکڑے ٹکڑے ہوکر آبادی پر گرا، طیارے کے کچھ حصے گرلز ہوسٹل کی عمارت کے اوپر بھی گرے۔
لندن کے لیے اڑان بھرنے والی ائرانڈیا کی فلائٹ “AI171’’ میں 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری بھی سفر کررہے تھے۔
پرواز “AI171’’ احمد آباد ائیرپورٹ سے روانگی کے وقت 322 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محض 6 سو 25 فٹ اوپر اڑ سکی اور پھر تکنیکی خرابی کی وجہ سے گرکر تباہ ہوگئی۔
بھارتی ویب سائٹ ”بزنس ٹوڈے“ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی اس ایئر انڈیا پرواز میں سوار تھے جو احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
حادثے کے فوراً بعد منظرعام پر آنے والی ویڈیوز میں تباہ شدہ طیارے کے حصوں سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ جائے وقوعہ پر ایمرجنسی سروسز فوری طور پر پہنچ گئیں، جن میں سات فائر ٹینڈرز شامل تھے۔
ابھی تک کسی جانی نقصان یا زخمیوں سے متعلق معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں، اور نہ ہی حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات پر کوئی سرکاری بیان سامنے آیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پروازوں پر نظر رکھنے والی عالمی ویب سائٹ ”Flightradar24“ نے تصدیق کی ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز ”AI171“ جو احمد آباد سے لندن روانہ ہوئی تھی، ٹیک آف کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا، جو کہ روانگی کے چند لمحوں بعد کا وقت ہے۔

فلائٹ ریڈار کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر تھا، جس کی رجسٹریشن VT-ANB بتائی گئی ہے۔