شہبازشریف، نوازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا بھارت میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف، پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر میاں نواز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھارتی شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد آباد کے قریب بھارتی ائیر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے کے حادثے پر افسردہ ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اس دل سوز حادثے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بھارت میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کیا اور ایئر انڈیا کے حادثے میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور ہمیں مشترکہ انسانیت کی یاد دلاتا ہے، وزیر اعظم مودی اور بھارت کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی بھارتی شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے لکھا کہ احمد آباد، گجرات میں ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے پر دکھ ہوا، اس المناک سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارت میں طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا کی پرواز جس میں تقریباً 240 مسافر سوار تھے، ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہوگئی، اس افسوسناک واقعے کے بارے میں سن کر دکھ ہوا، میں بھارت کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی احمد آباد میں بھارتی طیارہ گرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ طیارہ حادثہ میں ہلاک مسافروں کے ورثا کے غم میں شریک ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس المناک حادثے پر ہمیں گہرا دکھ ہے اور ہم طیارے میں سوار افراد کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو

خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی بھارتی طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ احمد آباد میں ہوائی جہاز حادثے کی افسوسناک خبر سامنے آئی، بھارتی طیارہ حادثے میں ہلاکتوں پر افسوس ہے، ہماری ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد سے لندن جارہا تھا جو اڑان بھرتے ہی حادثے کا شکار ہوا اور رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک 241 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

طیارہ حادثے میں ایک مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا جس کی شناخت رمیش کے نام سے ہوئی اور اُسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مسافر ہوش میں ہے اور بات چیت کررہا ہے۔

Similar Posts