نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں شراکت داری پر اتفاق کیا گیا اور پاک امریکا تعلقات کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں تعینات امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے بین الاقوامی فورمز خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی رکنیت (2025-2026) کے تناظر میں، مشترکہ اہداف اور امریکا کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان امریکا تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔