قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے پاس ڈیسک بجانے کے سوا کوئی آپشن نہیں، موجودہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے، بجٹ کے خلاف ہر جگہ احتجاج کیا جائے گا، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر نے اپنی تنخواہ بڑھائی، ہم نے تنخواہیں بڑھنے پر بھرپور احتجاج کیا۔
آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائٹ ودعامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے پاس ڈیسک بجانے کے سوا کوئی آپشن نہیں، کوئی سوال کا جواب نہ دے تو اسلحہ تو نہیں اٹھا سکتے۔
عمر ایوب نے کہا کہ موجودہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے، ہر شخص کی قوت خرید کم ہوگئی ہے، لوگ ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، 48 ارب ڈالر باہر چلا گیا، ملک میں انڈسٹریز بند ہوگئی ہے، بجلی فروخت نہیں ہورہی۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ تنخواہیں بڑھنے پر ہم نے بھرپور احتجاج کیا، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکرقومی اسمبلی نے اپنی تنخواہ بڑھائی، حکومت نے اپوزیشن پر مقدمات درج کروائے ہوئے ہیں، ہماری ساری قیادت پابند سلاسل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم احتجاج کرتے ہیں تو گولی چلائی جاتی ہے، پی ٹی آئی دور میں پاکستان 6 فیصد ترقی کررہا تھا، ہم آئی ایم ایف پروگرام سے نکل جاتے، موجودہ حکومت نے ساڑھے 3 سال میں کیا کیا؟۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ بجٹ کے خلاف ہر جگہ احتجاج کیا جائے گا، بجٹ میں سب سے تکلیف دے چیز مہنگائی ہے۔
بجٹ بنانے والے بابو دہری شہریت رکھتے ہیں، حسن مرتضیٰ
اس موقع پر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ موجودہ بجٹ کسان اورعوام کش ہے، بجٹ سے بچی کچی زراعت بھی ختم کردے گا، بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار ہے، بجٹ بنانے والے بابو دہری شہریت رکھتے ہیں، یہ کماتے پاکستان میں ہیں اور خرچ باہر کرتے ہیں، بجٹ کی منظوری کے لیے کھڑا ہونا مشکل فیصلہ ہوگا۔