بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے چمروک میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سردارزادہ میر کامران جتک جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میر کامران جتک کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے، جس نے پارٹی کارکنان کو غم و اندوہ میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اللہ کریم مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں، مولانا فضل الرحمان
وسائل پر حق صوبوں کا ہے، کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’’بلوچستان اور خیبر پختونخوا اس وقت جنگل کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ یہاں قانون نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی۔ جے یو آئی کارکنوں کو پاکستان سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے، جبکہ ہماری قیادت نے ہمیشہ امن کی بات کی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست شاید ہمارے امن کے جذبے کا انتقام لے رہی ہے اور حالات تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، لیکن حکومت اور ریاست کو کوئی پرواہ نظر نہیں آتی۔
جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں نے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔