وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلاجواز جارحیت پر پاکستان کیطرف سے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ صدر پزشکیان نے سلامتی کونسل میں حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یہ حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی بھی مکمل خلاف ورزی ہیں۔ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے بہادر فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ نسل کشی کی بلا روک ٹوک کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے جارحانہ رویے اور اس کے غیر قانونی اقدامات کے خاتمے کے لیے فوری اور قابل اعتبار اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس تناظر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی حملوں میں مزید 3 ایرانی ایٹمی سائنسدان شہید، تعداد 9 ہو گئی

ایران کے صدر پیزشکیان نے اس مشکل وقت بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو اسرائیل کے ساتھ بحران پر ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ان خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مل جل کر کام کریں۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

Similar Posts