بھارتی چینل نے ایران پر اسرائیلی حملے کی جھوٹی ویڈیو نشرکردی

0 minutes, 0 seconds Read

ایران پر اسرائیلی جارحیت، بھارتی سرکاری میڈیا ”دور درشن“ کی فیک رپورٹنگ کے ذریعے اسرائیل کی تعریفیں اور اکتوبر 2024 کی پرانی ویڈیو کو حالیہ واقعہ بنا کر پیش کر دیا۔

بھارتی سرکاری نشریاتی ادارہ ”دور درشن“ نے ایران پر مبینہ اسرائیلی حملے کی رپورٹنگ میں نہ صرف غیر مصدقہ اور پرانی ویڈیو کو حالیہ واقعہ بنا کر پیش کیا بلکہ اسرائیل کی بھی تعریفیں کیں، جس پر بھارتی میڈیا کے معروف مفکر سندیپ منودھنے نے سخت تنقید کی ہے۔

دور درشن کے نیوز کاسٹر نے دعویٰ کیا کہ ”اسرائیلی حملے سے ایران کانپ اٹھا“، تاہم یہ ویڈیو اکتوبر 2024 کی پرانی تھی، جسے جعلی طور پر حالیہ واقعات کے طور پر دکھایا گیا۔

سندیپ منودھنے نے کہا کہ دور درشن بھارت کا قومی نشریاتی ادارہ ہے جو عوام کے ٹیکس سے چلتا ہے، اس لیے ایسی جعلی اور منفی رپورٹنگ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران بھارت کا دیرینہ دوست ہے اور بھارت وہاں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے، اس حساس وقت پر جھوٹی ویڈیو نشر کرنا بھارت کی دوغلی سفارت کاری کو ظاہر کرتا ہے اور خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتا ہے۔

یہ رپورٹنگ نہ صرف صحافتی ذمہ داری سے عاری ہے بلکہ بھارتی ریاستی اداروں پر بھی سوالات اٹھا رہی ہے، کیونکہ بھارتی میڈیا اسرائیلی بیانیے کو تقویت دے رہا ہے۔ منودھنے نے کہا کہ دور درشن جیسے چینل مودی حکومت کی زبان بولتے ہیں، اور مودی سرکار کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے خلاف جھوٹی رپورٹنگ سے سبق سیکھے۔

ایرانی عوام اور سرکاری حلقوں نے بھی بھارتی میڈیا کی اس رپورٹنگ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گودی میڈیا ٹی آر پی کے چکر میں امن کا بڑا دشمن بن چکا ہے اور جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف صحافتی جرم بلکہ سفارتی جرم بھی ہے۔ عالمی میڈیا بھی بھارتی ریاستی میڈیا کی اس جھوٹ پر مبنی رپورٹنگ سے بخوبی واقف ہو چکا ہے۔

Similar Posts