وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شاہراہِ بھٹو عوام کے لیے پیپلز پارٹی حکومت کا تحفہ ہے۔ جدید انفراسٹرکچر ترقی کی ضمانت ہے، اور عوام کو سہولت دینا ہی ہماری اصل خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہراہِ بھٹو کے دوسرے فیز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آمد و رفت بہتر ہوگی تو معیشت مضبوط ہوگی۔ یہ سڑک صنعتی علاقوں تک رسائی بہتر بنانے میں مدد دے گی۔ ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ترقی کا سفر سڑکوں سے جُڑا ہے، ہم راستے آسان بنا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہری اور صنعتی رابطوں کو تیز اور محفوظ بنانا ہمارا عزم ہے۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سب سے بڑا منصوبہ ہے، اور ہم جلد قائد آباد تا کاٹھور شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے کی تکمیل چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے شاہراہِ بھٹو کے دوسرے فیز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے انٹرچینج شاہ فیصل تا قائدآباد کا معائنہ کیا اور خود گاڑی چلا کر منصوبے کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ کی گاڑی سینئر وزیر شرجیل میمن ڈرائیو کر رہے تھے جبکہ ناصر حسین شاہ اور سینیٹر وقار مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ نے گاڑی کا ٹول ٹیکس بھی خود ادا کیا۔ ان کی آمد پر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی اور ”جیئے بھٹو“، ”جیئے بلاول“ اور ”مراد علی شاہ زندہ باد“ کے نعرے لگائے گئے۔