ایران کا اسرائیل پر ایک بار پھر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ، 9 اسرائیلی ہلاک، 200 سے زائد زخمی

0 minutes, 0 seconds Read

ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا میزائل حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں نو اسرائیلی شہری ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ پینتیس افراد لاپتہ ہیں۔ ایرانی حملے کے دوران پہلے مرحلے میں 100 اور دوسرے مرحلے میں 50 میزائل داغے گئے۔ ان میزائل حملوں کے بعد مقبوضہ بیت المقدس، تل ابیب اور دیگر کئی اسرائیلی شہر دھماکوں سے گونج اٹھے۔ حملے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں، جبکہ ساحلی شہر حیفہ میں واقع آئل ریفائنری سمیت کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی ایک اور خطرناک موڑ اختیار کر گئی ہے۔ ایران نے رات گئے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کرتے ہوئے تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور ساحلی شہر حیفہ سمیت کئی علاقوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ہائبرڈ ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، اس حملے میں 150 بیلسٹک میزائل داغے گئے جن کا ہدف اسرائیل کی اہم تنصیبات، خصوصاً حیفہ میں واقع آئل ریفائنری تھی۔ حملے کے نتیجے میں ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی میزائل حیفہ اور تامرا بستی میں گرے، جس سے کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ تل ابیب اور شمالی اسرائیل میں دھماکوں کی آوازیں دیر تک سنی جاتی رہیں جبکہ پورے ملک میں خطرے کے سائرن ایک بار پھر بج اٹھے۔

اسرائیل کا ایران کی آئل ریفائنری، دفاعی تنصیبات اور ریسرچ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایرانی حملے میں استعمال کیے گئے میزائلوں میں عماد، غدر اور خیبر شکن شامل تھے، جبکہ ایران نے جدید ہائبرڈ ڈرون میزائل سسٹم کا بھی استعمال کیا۔ اسرائیلی آئرن ڈوم دفاعی نظام ان ایرانی ڈرونز کو مکمل طور پر روکنے میں ناکام رہا۔

اسرائیلی فوج نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی جنگی طیارے شمالی اسرائیل کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں بھی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ایرانی ملٹری کا 1 گھنٹے میں 10 اسرائیلی جہاز گرانے کا دعویٰ

ایرانی حملے کے نتیجے میں ابتک 9 اسرائیلی شہری ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، تل ابیب کے جنوب میں واقع ساحلی شہر بیت یام پر میزائل حملے میں 4 افراد ہلاک اور سو زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایرانی میزائل نے آٹھ منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا۔ شہر کے میئر نے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی۔ ایرانی حملوں کے بعد 35 افراد لاپتا ہیں۔

ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، کچھ ایرانی میزائلوں کو اردن کی حدود میں روکا گیا تاکہ وہ اسرائیلی سرزمین تک نہ پہنچ سکیں۔

صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے، اور خطے میں ایک بڑی جنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے فوری مداخلت اور تحمل کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔

ایران کی جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی

دوسری جانب ایران نے جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی دیدی۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل میں خط جمع کرا دیا۔

ایران نے ہتھیار ڈالنے والے اسرائیلی پائلٹوں کو عام معافی دینے کا اعلان کر دیا۔ ایرانی جنرل کمانڈ کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے اسرائیلی پائلٹ محفوظ رہیں گے۔

Similar Posts