ایران اسرائیل جنگ: 450 پاکستانی زائرین وطن واپس آگئے

0 minutes, 1 second Read

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بعد پڑوسی ملک میں پھنسے 450 پاکستانی زائرین وطن واپس آگئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبا کے محفوظ انخلا کے انتظامات کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 154 طلبا کو وطن لایا جائے گا، عراق میں پھنسے ہوئے زائرین سے بھی سفارت خانے کا رابطہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر، حکومت پاکستان پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا گزشتہ روز مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبا کے محفوظ انخلا کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 154 طلبا کو نکالا جائے گا۔

ایکس پیغام میں نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ فضائی حدود کی بندش کے باعث عراق میں پھنسے ہوئے پاکستانی زائرین سے ایران میں ہمارا سفارت خانہ مسلسل رابطے میں ہے، ان کی محفوظ رہائش اور ممکنہ انخلا کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو) 24 گھنٹے فعال ہے۔

رابطہ کی تفصیلات درج ذیل ہیں

فون نمبر: 9207887-51 92+

ای میل: cmu1@mofa.gov.p

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ خطے میں موجود ہمارے سفارت خانے پاکستانی شہریوں اور زائرین کی مدد اور انخلا کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں۔

ایران میں 30 سے 40 ہزار پاکستانی ہیں، پاکستانی سفیر

دوسری جانب پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے بتایا کہ ایران میں 30 سے 40 ہزار پاکستانی ہیں، 155 پاکستانی طلبا کو تافتان بارڈر پر بھجوارہے ہیں، اس وقت ایران میں ساڑھے 4 ہزار زائرین موجود ہیں۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ گزشتہ روز 450 پاکستانی زائرین بارڈر پر جاچکے ہیں، پاکستان سے ایران آنے والے زائرین پہلے صورتحال دیکھیں، پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں، آنے والے سالوں میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

Similar Posts