کراچی: کورنگی میں لگی آگ تاحال نہ بجھ سکی، پانی کے نمونوں کی رپورٹ موصول

0 minutes, 1 second Read

کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری آگ کے مقام سے اُبلنے والے پانی کے نمونوں کی ابتدائی کیمیائی تجزیاتی رپورٹ منظرِ عام پر آگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پانی میں ہائیڈروکاربن کی مقدار طے شدہ حد سے کم نکلی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پانی میں بینزین (Benzene)، ٹولوین (Toluene)، اور ٹیٹرا کلوروتھین (Tetrachloroethane) کی زائد مقدار پائی گئی ہے، جبکہ او زائلین (o-Xylene) بھی معمولی مقدار میں زائد تھا۔

یاد رہے کہ یہ آگ 8 روز قبل کورنگی میں بورنگ کے دوران گڑھے میں لگ گئی تھی، جو تاحال نہیں بجھ سکی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آگ کی نوعیت میں کمی آئی ہے، تاہم یہ مکمل طور پر قابو میں نہیں آ سکی۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے اس بارے میں بیان دیا کہ آگ کی نوعیت میں کمی آئی ہے، اور زمین سے نکلنے والے پانی میں بھی کمی محسوس ہو رہی ہے، اس سے قبل اس آگ کو ایک گھنٹے میں بجھایا جا سکتا تھا، تاہم اس میں موجود گیس کے پھیلنے سے بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کی چھٹیوں کے باعث رپورٹ کی وصولی میں تاخیر ہوئی تھی۔

ہمایوں خان نے کہا کہ عموماً ایسی گیس کو ایک ماہ تک جلنے دیا جاتا ہے، اور آگ کی نوعیت سے لگتا ہے کہ زیرِ زمین کوئی بڑا گیس کا ذخیرہ موجود نہیں ہے۔

یہ واقعہ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا تھا جہاں بورنگ کے دوران اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ کنسٹرکشن کمپنی کے سی ای او کے مطابق، انہوں نے صرف 1200 فٹ تک کھدائی کی تھی اور اس سے قبل مٹی کی ٹیسٹنگ کروائی گئی تھی جس میں گیس کی موجودگی کا کوئی اشارہ نہیں تھا۔

Similar Posts