ملک بھر میں ہیٹ ویو کی شدید لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تیس اپریل تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
گزشتہ روز لاڑکانہ، دادو اور تربت میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح یعنی 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ لاہور میں پارہ 42 ڈگری جبکہ کراچی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے شہروں لاہور، سرگودھا اور ملتان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ سندھ کے سکھر، نواب شاہ اور مٹھی میں بھی رواں ہفتے درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے سبی اور تربت میں بھی پارہ بلند رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں موسم گرم، ہیٹ ویو کل تک برقرار رہنے کا امکان
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں بھی گرمی کی لہر آج برقرار رہنے کا امکان ہے۔ مجموعی طور پر ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور دھوپ میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔