انسداد دہشتگردی عدالت میں کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے خودکش حملے کے کیس کا حتمی چالان سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے جمع کرا دیا ہے۔
چالان میں حملے کے ماسٹر مائنڈ کمانڈر بشیر بلوچ عرف بشیر زیب اور عبدالرحمان عرف رحمان گل کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے دونوں دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے مفرور ملزمان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں تاکہ آئندہ مرحلے میں ضبطگی کی کارروائی کی جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے حتمی چالان پیش نا کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پانچ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن حتمی چالان اب تک پیش نہیں کیا جا رہا۔ جس پر تفتیشی افسر نے ایک بار پھر عدالت سے مہلت طلب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ اگلی سماعت پر حتمی چالان جمع کرا دیا جائے گا۔
یادرہے کہ اکتوبر 2024 میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کے کانوائے پر خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس میں 2 چینی باشندوں اورایک مقامی شہری کی موت ہوئی اور خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ گل نساء اور جاوید کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ دونوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔ جبکہ بشیربلوچ عرف بشیرزیب، عبدالرحمان عرف رحمان مفرور ہیں۔