شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے

موٹر وے پولیس نے شدید دھند اور حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 3 فیض پورانٹر چینج سے جڑانوالہ تک سفر کیلئےممنوع قرار، ایم فور پر گوجرہ سے عبد الحکیم تک گاڑیوں کا داخلہ بند اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو بھی دھند کے باعث بند کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر دھند کا سلسلہ برقرار ہے جس سے حد نگاہ شدید متاثر ہے۔ موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں۔

سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، کیونکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔

ترجمان نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Similar Posts