پنجاب کا عوامی بجٹ، زیرو ٹیکس، تاریخی ترقیاتی فنڈ، مریم نواز کا بڑا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل دوسرے سال پنجاب نے بغیر نئے ٹیکس کے بجٹ پیش کیا ہے، جو عوامی ریلیف کی واضح علامت ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بجٹ کی 77 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا، ’’یہ عوام کا پیسہ ہے، ایک ایک پائی اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہو کر استعمال کر رہے ہیں۔‘‘

قبل ازیں، پنجاب کابینہ کے 27ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بجٹ کو ”زیرو ٹیکس اور سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ“ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کا بجٹ بھی ریکارڈ تھا لیکن اس بار اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں 100 نئے اختراعی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جو اپنی مثال آپ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 12 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور 700 نئی سڑکوں کی تعمیر ایک سنگِ میل ہے۔ عید کے موقع پر صوبے بھر میں صفائی کی تاریخی مہم چلا کر نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’ٹیکس نیٹ میں توسیع پر توجہ دیں گے، ٹیکس بڑھانا آسان ہے مگر ہم نے مشکل مگر درست راستہ چُنا ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ 94 نئے پراجیکٹس کے ساتھ اس بار ہیلتھ اور ایجوکیشن میں بے مثال سرمایہ کاری کی گئی ہے، ہر سرکاری اسکول میں ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا ہدف مکمل کیا جائے گا اور فری میڈیسن ہر جگہ دستیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 سالوں میں جو 40 ہزار گھر نہیں بن سکے، وہ ہدف اب پورا کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ 740 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا گیا اور آئی ایم ایف کی شرائط بھی پوری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈیلیوری دی گئی، ورک ایتھکس بدلے جا چکے ہیں، اور ہر افسر، وزیر اور ٹیم نے بھرپور محنت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے پی آر اے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہتری کی گنجائش تسلیم کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کارکردگی کی بنیاد پر سرکاری ملازمین کے لیے ایڈیشنل پرفارمنس بونس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے اور اجرتی نظام کو ڈیجیٹل بنانے کی بھی تجویز دی۔

مریم نواز نے کہا کہ 2025-26 کا بجٹ پاکستان کی تاریخ کا بے مثال بجٹ ثابت ہو گا اور ای ٹینڈرنگ، شفافیت اور گڈ گورننس کی بدولت اب تک کوئی مالیاتی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اللہ کی عطا سے یہ کامیابیاں ممکن ہوئیں، نیت نیک ہے، کام جاری رکھیں گے۔ اقتدار اللہ کی امانت اور عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔‘‘

Similar Posts