ایران اور عراق سے 428 پاکستانی زائرین، طلبا اور دیگر افراد وطن واپس پہنچ گئے

0 minutes, 0 seconds Read

ایران اور عراق سے 428 پاکستانی زائرین، طلبا اور دیگر افراد وطن واپس پہنچ گئے، بصرہ سے 2 فلائٹس اسلام آباد اور کراچی پہنچیں جبکہ ایران سے پاکستانی تفتان بارڈر کے زریعے وطن پہنچے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ عراقی ایئرویز کے ذریعے بصرہ سے کراچی اور اسلام آباد کے لیے 2 خصوصی پروازوں میں 268 پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی میں کامیابی سے سہولت فراہم کی، دونوں پروازیں بحفاظت پاکستان پہنچ گئیں۔

ترجمان کے مطابق عراق میں بقیہ پاکستانی زائرین کی محفوظ اور بروقت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے عراقی ایئرویز اور دیگر تمام متعلقہ عراقی حکام کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔

دوسری جانب تفتان سے 160 پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچادیا گیا۔ امیگریشن حکام کے مطابق پاکستان پہنچنے والوں میں زائرین اور تاجروں سمیت دیگر افراد شامل ہیں جبکہ ان افراد میں ایران میں زیرتعلیم 150 طلبا اور طالبات شامل ہیں۔

ایران اسرائیل جنگ کے باعث سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے، پاکستان سے ایران جانے والوں کی امیگریشن بند ہے، صرف ایران سے پاکستان آنے کی اجازت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے عراق میں موجود تمام پاکستانی زائرین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے سفری انتظامات کے بارے میں بروقت اپ ڈیٹس کے لیے بغداد میں پاکستانی سفارت خانے، نامزد مندوبس اور ان کی متعلقہ ایئر لائنز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔

عراقی ایئرویز اس وقت بصرہ، دبئی روٹ پر روزانہ پروازیں چلا رہی ہے، آج کچھ پاکستانی شہریوں نے اس آپشن سے فائدہ اٹھایا، اس راستے سے سفر کرنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو بکنگ اور مدد کے لیے قریبی عراقی ایئرویز کے دفتر سے رابطہ کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

تمام زائرین کو مزید مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مختصر نوٹس پر سفر کے لیے تیار رہیں۔ وزارت خارجہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام پاکستانی زائرین کی بحفاظت اور منظم واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا مکمل کر لیا گیا جبکہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبہ کے انخلا کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان پاکستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبہ کے محفوظ انخلا کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں 154 طلبہ کو نکالا جائے گا جبکہ ایران میں پاکستانی سفارتخانہ عراق میں پھنسے پاکستانی زائرین سے بھی رابطے میں ہے اور ان کی محفوظ رہائش اور ممکنہ انخلا کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ وزارت خارجہ میں کرائسس مینجمنٹ یونٹ چوبیس گھنٹے فعال ہے۔

Similar Posts