گلاسگو میں پیر کے روز کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک ٹی ٹوئنٹی میچ تین سپر اوورز تک پہنچا، جہاں نیدرلینڈز نے نیپال کو ایک ڈرامائی مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ میچ کے مقررہ 20 اوورز برابر ہونے پر پہلا سپر اوور کھیلا گیا، جو بذات خود کرکٹ میں ایک نایاب موقع ہوتا ہے۔ حیران کن طور پر پہلا سپر اوور بھی برابر رہا، جس کے بعد دوسرا سپر اوور کھیلا گیا، اور وہ بھی برابر ہوگیا۔ یوں میچ تاریخ میں پہلی بار تیسرے سپر اوور تک پہنچا جہاں فیصلہ کن انجام ہوا۔
ٹرائی سیریز کے ایک حصے کے طور پر کھیلے جانے والے اس میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے کھیلتے ہوئے 152 رنز بنائے۔ میچ کا نتیجہ نیدرلینڈز کے حق میں لگ رہا تھا، تاہم نیپال کے نمبر 10 بلے باز نندن یادو نے آخری اوور میں دو چوکے لگا کر میچ کو سپر اوور تک لے گئے۔
پہلا سپر اوور
نیپال نے پہلے بلے بازی کی اور 19 رنز بنا ڈالے۔ اوپنر کوشن بھرتیل نے ڈینیئل ڈورم کو دو چھکے اور ایک چوکا جڑ دیا۔ نیدرلینڈز کے میکس او ڈاؤڈ نے بھی اسی جوش سے بیٹنگ کرتے ہوئے دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر اس سپر اوور کو برابر کر دیا۔
دوسرا سپر اوور
اس بار نیدرلینڈز نے پہلے بلے بازی کی اور 18 رنز بنائے۔ میکس او ڈاؤڈ اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ایک ایک چھکا لگایا۔ نیپال کی جانب سے کپتان روہت پاؤڈیل نے ایک چھکا مارا جبکہ دیپندر سنگھ ایری نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر اس سپر اوور کو بھی برابر کر دیا۔
تیسرا سپر اوور
تاریخی تیسرے سپر اوور میں نیپال کی ٹیم بغیر کوئی رن بنائے دونوں وکٹیں گنوا بیٹھی۔ نیدرلینڈز کے آف اسپنر زیک لائن-کاشے نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیدرلینڈز کے بلے باز مائیکل لیوٹ نے پہلی گیند پر چھکا لگا کر میچ کا فیصلہ کر دیا۔ زیک لائن-کاشے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ سپر اوور کا سب سے یادگار واقعہ 2019 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پیش آیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے ایک سپر اوور میں بھی اسکور برابر رہا، اور فاتح کا فیصلہ باؤنڈری گنتی کی بنیاد پر ہوا۔ اس واقعے کے بعد قوانین میں تبدیلی کی گئی کہ اگر پہلا سپر اوور برابر ہو تو دوسرا سپر اوور کھیلا جائے گا۔
تاہم پیر کا میچ تاریخ کا پہلا موقع تھا جب کسی مردانہ پیشہ ور ٹی ٹوئنٹی یا لسٹ اے میچ میں تین سپر اوورز کھیلے گئے اور آخرکار نیدرلینڈز نے نیپال کو شکست دی۔