اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس کی فورسز نے غزہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں زمینی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ تازہ کارروائیوں میں 183 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ جنگ بندی معاہدہ یکطرفہ ختم کرنے کے بعد اسرائیل کی غزہ پر دوسرے روز بھی بمباری، دو روز میں 183 بچوں سمیت چار سو چالیس فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کی پٹی کے شمالی قصبے بیت لاہیا پر بمباری میں چودہ فلسطینی شہید ہوئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے سوگ منانے والے خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔ لاشوں کو انڈونیشیا کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں زمینی آپریشن بھی شروع کردیا ہے، صہیونی فوج نے نیٹزارم کوریڈور پر قبضہ کر کے غزہ شہر کو دوبارہ دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ زمینی آپریشن وسطی اور جنوبی غزہ کی پٹی میں شروع کیا گیا ہے۔
ادھر وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے گیسٹ ہاؤس پر بمباری میں ایک غیر ملکی امدادی کارکن جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔
یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی اہلکاروں پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے، کہا اسرائیل نے اقوام متحدہ کے دفتر کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا۔ تمام ممالک اقوام متحدہ دفاتر کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں ۔