ویسٹ انڈیز میں جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران اچانک پاکستانی اسکواڈ میں 2 بڑی تبدیلیوں کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں 2 اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت 2 ٹیسٹ سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز میں موجود ہے اور ٹروبا میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی اسکواڈ میں 2 بڑی تبدیلیوں کا اعلان سامنے آیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق اوپننگ بیٹر عبداللہ فضل ان فٹ ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے تھے، جن کی جگہ عبداللہ شفیق کو بطور متبادل قومی سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو مزید مضبوط بنانے کے لئے سعود شکیل کو بھی بطور اضافی متبادل ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاکہ بیٹنگ لائن اپ میں مضبوط متبادل میسر آ سکیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں وہ 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی جب کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

یاد رہے قومی بیٹر عبداللہ فضل انجری کے باعث دونوں اہم سیریز سے باہر ہو گئے تھے، پی سی بی کے ترجمان کے مطابق عبداللہ فضل کمر کے نچلے حصے (لوئر بیک) میں شدید انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ عبداللہ فضل کو یہ انجری 23 جولائی کو ٹرینیڈاڈ میں واقع برائن لارا کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کے دوران پیش آئی جب کہ انجری کے فوری بعد کھلاڑی کا طبی معائنہ اور ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس میں کمر کی تکلیف کی تصدیق ہوئی۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم کے میڈیکل پینل نے تفصیلی معائنے کے بعد رائے دی ہے کہ عبداللہ فضل کی مکمل بحالی میں کچھ وقت درکار ہوگا، اسی لیے انہیں دونوں ٹیسٹ سیریز سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ مکمل صحت یاب ہو سکیں۔

Related posts