ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے بولر کو اپنی شرٹ تحفے میں کیوں دی؟

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کو بڑے مارجن سے شکست کے باوجود بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے کھیل کے جذبے کی خوبصورت مثال قائم کردی اور انہیں صفر پر آؤٹ کرنے والے کیوی فاسٹ بولر میٹ ہینری کو اپنی جرسی تحفے میں دے دی۔

میٹ ہینری کی تباہ کن بولنگ

ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے بھارتی اننگز کے پہلے ہی اوور میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور شریاس ائیر کو آؤٹ کرکے بھارت کو ابتدائی مشکلات سے دوچار کردیا۔ اس اوور میں تین وکٹیں حاصل کرنے کے باعث میٹ ہینری نے اوور ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ول ینگ کی 125 رنز کی شاندار اننگز اور ٹم سائیفرٹ کے 58 رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں 333 رنز بنائے تھے، جواب میں بھارتی بیٹنگ لائن نیوزی لینڈ کے بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم صرف 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں نیوزی لینڈ نے 244 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

کوہلی کا ڈریسنگ روم پہنچ کر تحفہ

البتہ بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تاہم میچ کے بعد انہوں نے ایسا خوبصورت اقدام کیا جس نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرلی۔

میچ کے بعد ویرات کوہلی خود نیوزی لینڈ کے ڈریسنگ روم پہنچے اور شاندار بولنگ کرنے والے میٹ ہینری کو بھارتی ٹیم کی نیلی جرسی تحفے میں پیش کی۔

اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مختصر گفتگو بھی ہوئی۔ کوہلی نے میٹ ہینری کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے اسے معیاری کارکردگی قرار دیا اور ابتدائی اوور میں سورج کی روشنی کے اثرات کا بھی ذکر کیا۔ کوہلی نے گفتگو کے دوران کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وکٹ اس طرح تبدیل ہوجائے گی۔

تعریف قبول نہ کرنے پر دلچسپ تبصرہ

نیوزی لینڈ کرکٹ نے میٹ ہینری سے سوال کیا کہ کیا یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بہترین ابتدائی اوور تھا؟ جس پر فاسٹ بولر نے کہا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا، ون ڈے کرکٹ میں اس سے بھی بہتر اوورز ہوئے ہوں گے۔

میٹ ہینری کے اس جواب پر نیوزی لینڈ کرکٹ نے سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دلچسپ کیپشن لکھا کہ میٹ ہینری کو تعریف قبول کرتے ہوئے دیکھنے کے انتظار کا 12 ہزار 477 واں دن ہے۔

کمر کی شدید انجری کے باوجود کامیاب کیریئر

میٹ ہینری کے کیریئر کا ایک اہم پہلو ان کی انجری سے واپسی بھی ہے، وہ 20 سال کی عمر میں کمر کی شدید انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی ریڑھ کی ہڈی میں 10 سینٹی میٹر طویل ٹائٹینیم راڈ لگائی گئی تھی۔

اس کے باوجود انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا اور گزشتہ چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی رہے۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

بھارت کے خلاف حالیہ میچ میں میٹ ہینری کی تباہ کن بولنگ کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ گراؤنڈ میں موجود ایک بھارتی شائق نے ان کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بچاؤ۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کھلاڑی میتھیو فشر نے ٹیم کی کامیابی کے موقع پر اپنی 27ویں سالگرہ بھی منائی۔

Related posts