پنک بال سے ٹیسٹ میچز کھیلنے کی تجویز پر پاکستانی کپتان اور کوچ نے کیا کہا؟
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ خراب روشنی اور بارش کے باعث ڈرا ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے مستقبل میں ہوم سیریز کے دوران ڈے ٹیسٹ میچز پنک بال سے کھیلنے کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔
مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ خراب روشنی کے باعث کھیل کے ضائع ہونے والے وقت کو کم کرنے کے لیے پنک بال کا استعمال سنجیدگی سے زیر غور لانے کی ضرورت ہے جب کہ بابر اعظم نے بھی اسے ایک متبادل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنک بال ٹیسٹ کے لیے مناسب تیاری کا وقت درکار ہوگا۔
141 اوورز کا کھیل ضائع
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں خراب روشنی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر تقریباً 141 اوورز کا کھیل نہ ہوسکا۔ پہلے تین روز بھی شام کے سیشنز میں خراب روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کرنا پڑا جب کہ چوتھے روز بارش کے باعث کھیل مکمل طور پر ختم کردیا گیا۔
چوتھے روز روشنی اتنی کم ہوگئی تھی کہ بارش شروع ہونے سے پہلے ہی امپائرز نے سرخ گیند کے ساتھ فلڈ لائٹس میں کھیل جاری رکھنے کو کھلاڑیوں کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کھیل روک دیا۔
پانچویں روز جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو سری لنکا پر صرف 45 رنز کی برتری حاصل تھی اور اس کی ایک وکٹ باقی تھی۔ پاکستان نے پورا دن بیٹنگ کی تاہم سعود شکیل دوسری مرتبہ بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد امپائرز نے شام 4 بج کر 18 منٹ پر کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا حالاں کہ کھیل کا مقررہ وقت شام 6 بج کر 10 منٹ تھا۔
پنک بال پر ہیسن کی رائے
آئی سی سی نے اپنے گزشتہ سہ ماہی اجلاس میں ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے باعث اوورز ضائع ہونے کا مسئلہ کم کرنے کے لیے ڈے ٹیسٹ میچز میں سرخ گیند کی جگہ پنک بال استعمال کرنے کی منظوری دی تھی۔
مائیک ہیسن نے میچ کے بعد میزبان براڈکاسٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی سیریز کے لیے اس معاملے پر بات ہونی چاہیے۔ پاکستان میں سال کے اس حصے میں ٹیسٹ میچز کھیلنا مشکل ہوگا، چاہے میچ کسی بھی شہر میں منعقد کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے پنک بال کے استعمال کی اجازت ملنے کے بعد سیریز سے پہلے اس آپشن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
بابر اعظم نے کیا کہا؟
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی پنک بال کو متبادل قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ کھیلنے کے لیے خصوصی تیاری ضروری ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا کہ عام طور پر ٹیم سرخ گیند سے کھیلنے کی تیاری کرتی ہے، اس لیے پنک بال ٹیسٹ کے لیے خود کو تیار کرنے میں زیادہ وقت درکار ہوگا۔ ان کے مطابق دو تین دن کی تیاری کافی نہیں، البتہ ایسے حالات میں پنک بال کا آپشن دستیاب ہونا اچھی بات ہے۔
سردیوں میں راولپنڈی کا مسئلہ
راولپنڈی میں سردیوں کے عروج پر سورج جلد غروب ہونے کے باعث روزانہ مقررہ وقت تک کھیل جاری رکھنا مشکل ہوجاتا ہے، اسی خدشے کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹیسٹ کا آغاز صبح 9 بج کر 30 منٹ پر رکھا تھا، جو پاکستان میں فرسٹ کلاس میچز کے معمول کے آغاز سے آدھا گھنٹہ پہلے تھا تاہم رات کی اوس اور صبح کے وقت نمی کے باعث میچ اس سے بھی پہلے شروع کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دسمبر 2019 میں بھی راولپنڈی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ بارش اور خراب روشنی سے متاثر ہوا تھا۔ اس میچ کے پہلے اور پانچویں روز شام کے سیشنز میں بالترتیب صرف 18 اور 9.3 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔
دیگر شہروں میں بھی مشکلات
پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے بعد پی سی بی نے 3 مزید مقامات پر ٹیسٹ میچز کی میزبانی کی تاہم لاہور اور ملتان میں نومبر اور دسمبر کے دوران اسموگ اور شدید دھند کے باعث میچز کا انعقاد مشکل ہوجاتا ہے جب کہ جنوری میں بھی دھند اور جلد غروب ہوتے سورج کے باعث یہ دونوں شہر ٹیسٹ کرکٹ کے لیے موزوں نہیں رہتے۔
اسی طرح موسم کی خرابی کے خدشات کے باعث پی سی بی کو ماضی میں بھی شیڈول میں تبدیلیاں کرنا پڑیں۔ 2020 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز لاہور سے راولپنڈی منتقل کی گئی جب کہ 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ملتان سے کراچی منتقل کرنا پڑا۔
کراچی میں موسم کی یہ مشکلات نسبتاً کم ہیں تاہم نیشنل اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہونے کے باعث فی الحال وہاں ٹیسٹ میچز کا انعقاد ممکن نہیں۔ اسٹیڈیم کی بحالی مکمل ہونے کے بعد بھی پی سی بی کو اپنے ہوم سیزن کے تقریباً نصف حصے کے لیے دوسرے ٹیسٹ وینیو کی ضرورت ہوگی کیوں کہ پاکستان میں ہوم سیزن عموماً اکتوبر سے مارچ کے اختتام تک جاری رہتا ہے۔
اسی تناظر میں پنک بال ٹیسٹ کو مستقبل میں پاکستان کے لیے ایک ممکنہ متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔